ای او بی آئی نے پنشن حقوق کے شعور کے لیے ملک گیر مہم شروع کردی
کراچی ( نمائندہ، لیبر نیوز ویب ڈیسک ) ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن نے آجران اور ملازمین میں پنشن قوانین اور سماجی تحفظ کے فوائد سے آگاہی کے لیے ملک گیر جامع آگہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے
اس سلسلے میں ادارے نے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو مہم کی منصوبہ بندی، نگرانی اور مؤثر عملدرآمد کی ذمہ دار ہوگی۔ ای او بی آئی کے مطابق آگہی مہم کے ذریعے آجران کو ادارے میں رجسٹریشن، ماہانہ کنٹری بیوشن کی ادائیگی اور ملازمین کو بڑھاپے، معذوری اور ورثاء پنشن کے قانونی حقوق سے آگاہ کیا جائے گا
کمیٹی مختلف صنعتی، تجارتی اور کاروباری شعبوں میں سیمینارز، ورکشاپس اور دیگر ذرائع سے آگہی فراہم کرے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ای او بی آئی کے دائرہ کار میں اضافہ اور محنت کشوں کے سماجی تحفظ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے گا