ایف پی سی سی آئی کا انڈسٹریل ایمرجنسی کے اعلان کا مطالبہ
کراچی ( کامرس اینڈ ٹریڈ ڈیسک) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے ملک کو معاشی تباہی سے بچانے کے لیے فوری طور پر انڈسٹریل ایمرجنسی کے اعلان کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلند بجلی نرخ، زیادہ شرحِ سود اور سخت ٹیکس نظام نے ملکی صنعت کو شدید بحران سے دوچار کر دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صنعتوں کو وعدے کے باوجود 22 روپے کے بجائے 34 تا 35 روپے فی یونٹ بجلی کے بل موصول ہو رہے ہیں، جس سے مسابقت متاثر ہو رہی ہے۔
یو بی جی کے سرپرستِ اعلیٰ ایس ایم تنویر نے کہا کہ ٹیکسٹائل سمیت اہم صنعتی شعبے بندش کے خطرے سے دوچار ہیں اور درجنوں ملز بند ہو چکی ہیں۔ ایف پی سی سی آئی نے انکم ٹیکس، توانائی نرخوں میں کمی اور پالیسی ریٹ گھٹانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔