کمشنر سوشل سکیورٹی کا قصور ہسپتالوں کا دورہ، طبی سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت

قصور (حافظ سلمان نمائندہ لیبر نیوز ) کمشنر سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل نے سوشل سکیورٹی ہسپتال قصور کا دورہ کیا اور عارضی طور پر قائم 25 بستروں پر مشتمل ہسپتال میں طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا، انہوں نے آپریشن تھیٹر کو فوری طور پر فعال کرنے اور میڈیکل و چائلڈ اسپیشلسٹ کی تعیناتی کی ہدایت کی

اس موقع پر کمشنر نے زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ بعدازاں انہوں نے زیرِ تعمیر 50 بستروں پر مشتمل نئے سوشل سکیورٹی ہسپتال کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی

 ذوالفقار علی کھرل نے کہا کہ نئے ہسپتال میں مزدوروں اور ان کے اہلِ خانہ کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر کے رجسٹرڈ محنت کشوں کو طبی مراعات کے ساتھ مریم نواز راشن کارڈ بھی دیا جا رہا ہے، جس کے تحت ماہانہ تین ہزار روپے مالیت کا مفت راشن فراہم کیا جائے گا، اور اس کارڈ کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے