یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن کا احتجاج رنگ لے آیا، مغوی محنت کش بازیاب

کوئٹہ (نمائندہ حنظلہ حماد / لیبر نیوز ویب ڈیسک ) پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن بلوچستان کی مسلسل جدوجہد اور احتجاج کے نتیجے میں محکمہ آبپاشی بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مغوی محنت کش غلام حسین منگل کو چھبیس دن بعد بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ بازیابی کی تصدیق فیڈریشن کے صوبائی صدر علی بخش جمالی اور جنرل سیکریٹری پیر محمد کاکڑ نے کی

غلام حسین منگل کے اغوا کے بعد فیڈریشن نے بلوچستان سمیت سندھ اور پنجاب میں احتجاجی مہم شروع کی، جبکہ گڈو بیراج پر ہونے والے مظاہروں نے حکام پر دباؤ بڑھایا۔ رہنماؤں نے کہا کہ یہ کامیابی مزدور اتحاد اور پرامن جدوجہد کا ثمر ہے

فیڈریشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ محنت کش خود کو محفوظ محسوس کر سکیں