ٹرک ڈرائیورز کی ہڑتال کا خاتمہ، ملکی صنعت کے لیے خوش آئند قرار
کراچی (نمائندہ، لیبر نیوز ویب ڈیسک ) ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان نے پاکستان میں ٹرک ڈرائیورز کی طویل ہڑتال کے خاتمے کو ملکی معیشت، صنعت اور برآمدات کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید نذر علی نے کہا ہے کہ ہڑتال ختم ہونے سے صنعتی پہیہ دوبارہ چل پڑے گا اور بندرگاہوں پر رکا ہوا سامان بروقت اپنی منزل تک پہنچ سکے گا
انہوں نے کہا کہ ہڑتال کے دوران صنعتوں کا خام مال ختم ہونے کے قریب تھا، جبکہ تیار شدہ سامان کی ترسیل نہ ہونے سے برآمد کنندگان شدید دباؤ کا شکار تھے۔ دوا ساز صنعت بھی ہسپتالوں اور مارکیٹوں کو ادویات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کر رہی تھی، تاہم اب صورتحال میں بہتری کی توقع ہے
سید نذر علی کے مطابق ٹرانسپورٹ بحال ہونے سے سپلائی چین معمول پر آئے گی، برآمدی شیڈول بحال ہوں گے اور صنعتی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے حکومت اور فریقین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکلنا قومی معیشت کے استحکام کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔