صنعتی زوال معیشت کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے، کامران خان
اسلام آباد (لیبر نیوز ویب ڈیسک) سینئر صحافی اور تجزیہ کار کامران خان نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں صنعتیں تیزی سے تباہی کی جانب بڑھ رہی ہیں اور ملک بھر میں فیکٹریاں خاموشی سے بند ہو رہی ہیں، جو پوری قومی معیشت کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بحران کسی ایک صنعت تک محدود نہیں بلکہ مجموعی صنعتی ڈھانچے کو لپیٹ میں لے چکا ہے
کامران خان کے مطابق لارج اسکیل مینوفیکچرنگ سیکٹر، جو روزگار، برآمدات اور قومی پیداوار کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا تھا، اس وقت شدید زوال کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چھ برسوں کے دوران اس شعبے میں نجی سرمایہ کاری تقریباً آدھی رہ گئی ہے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد میں خطرناک حد تک کمی کی واضح علامت ہے
سینئر صحافی نے کہا کہ مہنگی اور غیر یقینی توانائی، بار بار بدلتی ٹیکس پالیسیاں، بلند شرح سود، پالیسیوں کا عدم تسلسل اور حکومتی عدم توجہی صنعتی بحران کی بنیادی وجوہات ہیں۔ ان عوامل کے باعث سرمایہ ملک سے باہر منتقل ہو رہا ہے جبکہ بنگلہ دیش اور ویتنام صنعتی ترقی میں پاکستان سے آگے نکل چکے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ محض معاشی سست روی نہیں بلکہ معیشت کا خاموش خاتمہ ہے، جس پر فوری حکومتی اقدامات ناگزیر ہیں۔