مزدور دوست قوانین پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے، پیپلز لیبر بیورو
کراچی ( نمائندہ، لیبر نیوز ویب ڈیسک ) پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ادوارِ حکومت میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مثالی اور تاریخی قانون سازی کی گئی، تاہم اصل چیلنج ان قوانین پر دیانتدارانہ اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے
صوبائی حکومت کی جانب سے نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل لیبر سندھ نظیر احمد سومرو کے طلب کردہ مزدور رہنماؤں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں مختلف ٹریڈ یونینز اور مزدور تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی
حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ سندھ میں لیبر قوانین، کم از کم اجرت، سوشل سکیورٹی، ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر سے متعلق قوانین موجود ہیں، مگر عملی سطح پر محنت کش آج بھی مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ کو چاہیے کہ وہ مزدور دوست قوانین پر بلا تفریق عملدرآمد کو یقینی بنائے اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل لیبر سندھ نظیر احمد سومرو نے مزدور رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ محکمہ محنت مزدوروں کے مسائل کے حل، قوانین کے نفاذ اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے گا، اور ٹریڈ یونینز کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
اجلاس میں شرکاء نے امید ظاہر کی کہ نئے ڈی جی لیبر کی قیادت میں سندھ میں محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور استحصال کے خاتمے کی سمت عملی پیش رفت ہوگی