ورکرز ویلفیئر فنڈ کا تعمیراتی پیکج پر اربوں روپے مختص
اسلام آباد ( نمائندہ نوید احمد، لیبرنیو ویب ڈیسک ) ورکرز ویلفیئر فنڈ کی گورننگ باڈی نے محنت کشوں اور ان کے بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد منصوبوں کی منظوری دے دی۔ فیصلے کے مطابق ڈیفنس روڈ ورکرز ویلفیئر فنڈ سکول کو ماڈل سکول بنایا جائے گا، جس پر 300 ملین روپے خرچ کیے جائیں گے۔
جھنگ میں نیا ویلفیئر سکول قائم کرنے کے لیے 800 ملین، جبکہ کمالیہ لیبر کالونی کی تعمیر و مرمت کے لیے 422 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ قصور کی مجوزہ لیبر کالونی کی چار دیواری پر 75 ملین کی منظوری دی گئی ہے۔
ورکرز ویلفیئر فنڈ ہیڈ آفس کی بہتری کیلئے 39 ملین جبکہ جھنگ لیبر کالونی کی بحالی کیلئے 550 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ لیبر کالونی میں سیوریج سسٹم کے نئے ڈیزائن پر 27 ملین خرچ کیے جائیں گے۔
لیبر حلقوں نے ان منصوبوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کام کی نگرانی شفاف طریقے سے کی جائے تاکہ فنڈز واقعی محنت کشوں کی فلاح پر خرچ ہوں۔