بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کیلئے 15 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی کا قیام

لاہور( نمائندہ عامر سہیل، لیبر نیوز ویب ڈیسک ) پنجاب حکومت نے بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کے لیے 15 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ وزیرِاعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر بنائی گئی کمیٹی کی چیئرپرسن سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب جبکہ شریک چیئرمین محسن شاہنواز رانجھا ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف محکموں کے صوبائی وزراء اور سیکرٹریز کمیٹی میں شامل ہیں، جو صنعت، زراعت، ورکشاپس اور دیگر شعبوں میں بچوں سے جبری مشقت کے رجحان کا جائزہ لیں گے۔ کمیٹی جدید ٹیکنالوجی، اے آئی اور جی آئی ایس کے ذریعے ڈیٹا بینک تیار کرے گی اور متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کرے گی۔

کمیٹی فوری، درمیانی اور طویل مدتی حکمت عملی مرتب کرے گی، جبکہ والدین اور معاشرے میں آگاہی بڑھانے کے اقدامات بھی تجویز کیے جائیں گے۔ حکومت نے متعلقہ اداروں کو ذمہ داریاں مؤثر طریقے سے ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔