پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کے ڈیٹا میں بے ضابطگیاں، صنعتی مزدوروں کیلئے ہیلپ لائن جاری
لاہور ( بیورو چیف، مدثر خان / لیبر نیوز ویب ڈیسک ) پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ نے انکشاف کیا ہے کہ صنعتی مزدوروں کے فلاحی کیسز کی منظوری میں تاخیر کی بنیادی وجہ مختلف اداروں کی جانب سے غلط، نامکمل اور مشکوک ڈیٹا اندراج ہے۔ فنڈ کے مطابق متعدد صنعتی یونٹس نے ملازمین کا ریکارڈ سسٹم میں غلط داخل کیا جس کے باعث گرانٹس، وظائف اور دیگر ویلفیئر سہولتوں کے کیسز زیرِ التوا ہیں۔
ذرائع کے مطابق کئی درخواستوں میں شناختی دستاویزات، ملازمت کی تفصیلات، والدیت اور سرکاری ریکارڈ میں تضاد پایا گیا جبکہ بعض کیسز میں کاغذی یا غیر موجود ملازمین کا اندراج بھی سامنے آیا ہے۔
پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ لاہور نے صنعتی مزدوروں اور اداروں کو ہدایت کی ہے کہ سوشل سیکیورٹی کارڈ سمیت تمام سرکاری ریکارڈ کی درستگی یقینی بنائی جائے تاکہ کیسز بروقت نمٹائے جا سکیں۔ درست اور مکمل دستاویزات فراہم کرنے والے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا۔
پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ نے محنت کشوں کے لیئے مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری کر دیا ہے:
📞 0327-4333387
یہ ہدایت ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے جب صوبے بھر کے ہزاروں محنت کش فلاحی سہولتوں کی عدم فراہمی اور کیسز میں تاخیر پر انتہائی تشویش میں مبتلا ہیں۔