پاکستان کی بنگلادیش کی علاقائی تجارت میں نئی پیش رفت

کراچی ( نمائندہ / لیبر نیوز ویب ڈیسک ) پاکستان نے بنگلادیش کو کراچی پورٹ ٹرسٹ استعمال کرنے کی پیشکش کر دی، جس کے ذریعے بنگلادیش چین اور وسطیٰ ایشیائی ممالک سے تجارت کر سکے گا۔ پیشکش پاک–بنگلادیش نویں جوائنٹ اکنامک کمیشن اجلاس میں پیش کی گئی، جو 20 سال بعد ڈھاکا میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز اور بنگلادیشی مشیرِ خزانہ نے کی۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے قومی شپنگ کارپوریشنز کے درمیان تعاون بڑھانے، براہ راست پروازیں شروع کرنے اور طبی و مذہبی سیاحت کے فروغ پر اتفاق کیا۔ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی، ماحولیاتی تبدیلی اور صنعت کے شعبوں میں بھی اشتراک بڑھانے پر اصولی رضامندی ظاہر کی گئی۔

پاکستان حلال فوڈ اتھارٹی اور بنگلادیش اسٹینڈرڈز اینڈ ٹیسٹنگ انسٹیٹیوٹ کے درمیان حلال مصنوعات کی سرٹیفکیشن اور معیار کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی ہوئے۔ زراعت، تعلیم، بینکنگ، صحت، مواصلات، میڈیا اور ٹیکسٹائل سمیت متعدد شعبوں میں تعاون شامل ہے۔

دونوں ممالک نے پاک بنگلادیش نالج کوریڈور کے قیام پر زور دیتے ہوئے بنگلادیشی طلبہ کے لیے پاکستان میں 500 نئی مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کی تجویز رکھی، جبکہ حکومت نے ٹیکنیکل اسسٹنس پروگرام کے تحت تربیتی نشستیں 5 سے بڑھا کر 25 کر دیں۔