ہیلیون کی پاکستان کی 1 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری، سالانہ 8 ارب پیناڈول ٹیبلٹس کی پیدوار ہوگی

جامشورو (نمائندہ جاوید سہوانی / لیبر نیوز ویب ڈیسک) ہیلیون پاکستان لمیٹڈ نے جامشورو میں پیناڈول اور سی اے سی 1000 پلس کی پیداوار بڑھانے کے لیے 1 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق منصوبے کے تحت جدید مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی نصب کی جائے گی اور پیداواری صلاحیت سالانہ 8 ارب ٹیبلٹس تک پہنچ جائے گی۔

سرمایہ کاری کی منظوری بورڈ آف ڈائریکٹرز نے دی ہے جس کے تحت پیناڈول 500 ملی گرام اور پیناڈول ایکسٹرا سمیت بنیادی فارمولیشنز کی مقامی پیداوار میں اضافہ کیا جائے گا۔ اسی منصوبے کے ساتھ برآمدی طلب پوری کرنے کیلئے CAC 1000 پلس کی تیاری پر اضافی 20 لاکھ ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔

ہیلیون پاکستان سابقہ گلیکسو اسمتھ کلائن کنزیومر ہیلتھ کیئر، 2015 میں پبلک لسٹڈ کمپنی کے طور پر رجسٹر ہوئی۔ کمپنی کنزیومر ہیلتھ کیئر مصنوعات کی تیاری اور فروخت کرتی ہے۔ کمپنی نے 2023 کی پہلی ششماہی میں بعد از ٹیکس منافع میں 13 فیصد اضافہ رپورٹ کیا، جو 27.7 کروڑ روپے سے بڑھ کر 31.3 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔

حالیہ سرمایہ کاری سے محنت کشوں کے لیے نئے روزگار کے مواقع فراہم ہونگے۔