پنجاب کے محنت قوانین واضح اور جامع ہیں، سیکریٹری محنت

سیالکوٹ ( نمائندہ، محمد اجمل ) سیکریٹری محنت پنجاب محمد نعیم غوث نے کہا ہے کہ صوبے کے محنت قوانین سے متعلق اعتراضات بے بنیاد ہیں اور حکومت ایک مضبوط، یکجا اور جدید قانونی ڈھانچہ تیار کر رہی ہے جو تمام شعبوں بائیکیا، فوڈ پانڈا اور زرعی محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ کرے گا۔

سیالکوٹ چیمبر میں صنعت کاروں سے ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ 26 پرانے قوانین کو یکجا کر کے نیا مسودہ آٹھویں بار نظرثانی کے بعد حتمی شکل کے قریب ہے، جبکہ تمام فریقوں سے مشاورت جاری ہے۔ چیمبر کے صدر اکرام الحق نے تجویز دی کہ محنت سے متعلق اداروں کو ایک نظام کے تحت لایا جائے تاکہ صنعت کاروں اور مزدوروں دونوں کے لیے سہولت بڑھے۔

ڈائریکٹر محنت مجتبیٰ عرفات نے بتایا کہ ورکرز ویلفئر فنڈ کے تحت رہائش، مفت تعلیم، وظائف، شادی و وفات گرانٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔ سیکریٹری نے مریم نواز راشن کارڈ کی بھی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ یہ 42 ارب روپے کا منصوبہ مستحق شہریوں کو براہِ راست ریلیف دے گا۔