برطانیہ میں مزدور حقوق کا سب سے بڑا اصلاحاتی پیکیج متعارف کروا دیا گیا

لندن (نمائندہ، مہرین صدیقی) برطانیہ کی نئی لیبر حکومت نے ملک بھر کے محنت کشوں کے لیے حقوق کا وسیع تر پیکیج پیش کر دیا ہے، جسے وزراء نے ایک نسل میں مزدور حقوق کی سب سے بڑی اصلاح قرار دیا ہے۔

نئے ایمپلوئمنٹ رائٹس بل کے تحت لاکھوں محنت کشوں کے لیے بیمار رخصتی، والدین کی رخصت، اور دیگر بنیادی سہولتوں میں نمایاں بہتری کی جا رہی ہے، جبکہ فائر اینڈ ری ہائر جیسے استحصالی طریقہ کار پر سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

یہ بل عام انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی کی بھاری شکست کے بعد لیبر پارٹی کی 14 سال بعد حکومت سنبھالنے کے صرف 100 روز بعد پیش کیا گیا ہے۔

محکمہ کاروبار کے سیکرٹری جوناتھن رینولڈز کے مطابق یہ اصلاحات 2026 میں عملدرآمد کے لیے متوقع ہیں اور انہیں کاروباری اداروں اور مزدور تنظیموں سے مزید مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔

عالمی مزدور تنظیموں نے مجموعی طور پر ان اصلاحات کا خیرمقدم کیا ہے، تاہم کچھ کاروباری حلقوں نے انہیں غیر منظم اور کمزور منصوبہ بندی سے تعبیر کیا ہے۔