لیبر قومی موومنٹ کا مطالبات نہ ماننے پر ہڑتال کا اعلان

فیصل آباد ( لیبرنیوز ویب ڈیسک) پاکستان لیبر قومی موومنٹ کے زیرِ اہتمام پریس کلب فیصل آباد میں ایک بڑا جلسہ عام منعقد ہوا، جس میں کمر توڑ مہنگائی، اجرتوں میں عدم اضافے، اور سیاسی اسیران کی گرفتاریوں کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔

اجلاس کے دوران مطالبہ کیا گیا کہ مزدور کی کم از کم ماہانہ اجرت 70 ہزار روپے مقرر کی جائے، تمام صنعتی و کمرشل ورکرز کو سوشل سیکیورٹی میں رجسٹرڈ کیا جائے، اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کے آن لائن ایم آئی ایس پورٹل کو مکمل فعال کر کے التوا کا شکار میرج و ڈیتھ گرانٹس فوری جاری کی جائیں۔

لیبر رہنماؤں نے اعلان کیا کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے پر اکتوبر میں فیصل آباد ڈویژن بھر میں مکمل ہڑتال اور احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔