ریلوے ورکرز یونین کا تنظیمی دورہ: ملازمین کو حقِ رائے دہی دلانے اور چارٹر آف ڈیمانڈ کا عزم

حیدرآباد ( لیبر نیوز ویب ڈیسک) ریلوے ورکرز یونین اوپن لائن کے مرکزی جنرل سیکرٹری محمد نسیم راؤ تنظیمی دورے پر لاہور روانہ ہو گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ ڈویژنل سرپرست اعلیٰ کراچی صابر تنولی، ڈویژنل صدر سید مظہر بخاری اور زونل صدر حیدرآباد رانا صلاح الدین بھی شامل ہیں

حیدرآباد آمد پر یونین کے عہدیداروں اور کارکنان نے وفد کا پرُتپاک استقبال کیا اس موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے محمد نسیم راؤ نے کہا کہ یونین ریلوے محنت کشوں کے درپیش مسائل سے مکمل آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے تگ و دو کر رہی ہے۔

 انہوں نے زور دیا کہ یونین کی بنیادی ترجیح ریلوے ملازمین کو ان کا جمہوری حقِ رائے دہی دلانا ہے تاکہ وہ اپنی مرضی کے نمائندے چن سکیں

انہوں نے مزید کہا کہ تمام کیٹیگریز کے ملازمین کا جامع چارٹر آف ڈیمانڈ جلد انتظامیہ کو پیش کر کے حقوق کا حصول یقینی بنایا جائے گا۔