واپڈا ہائیڈرو یونین کا نجکاری کے خلاف ہر محاذ پر جدوجہد اور آئینی مقابلے کا اعلان
حیدرآباد( لیبرنیوز ویب ڈیسک) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے بلامقابلہ منتخب ہونے والے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے کہا ہے کہ محکمہ بجلی کی کمپنیوں کی نجکاری کے خلاف قانونی، آئینی اور اخلاقی محاذ پر آخری حد تک مقابلہ کیا جائے گا
لیبر ہال حیدرآباد میں حیسکو حیدرآباد اور لاڑ سرکل کے نمائندگان کی جانب سے منعقدہ مبارکباد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملازمین کی مراعات کی بروقت ادائیگی، دورانِ کام تحفظ، پائیدار بھرتیوں اور شہید و ریٹائرڈ ملازمین کے لواحقین کے واجبات کے حل ہماری ترجیحات میں شامل ہیں، تاہم اس وقت نجکاری کے خلاف اتحاد اور محنت کے ساتھ جدوجہد کو تیز کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے۔
تقریب کی نظامت کرتے ہوئے صوبائی سیکریٹری سندھ اقبال احمد خان نے کہا کہ عبداللطیف نظامانی کا دوبارہ صدر منتخب ہونا ملک بھر کے محنت کشوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔ تقریب میں صوبائی عہدیداروں اور زونل نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔