ملی لیبر فیڈریشن کی مزدور رہنما ظہور عوان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس میں شرکت، خدمات پرخراجِ تحسین
کراچی ( لیبر نیوز ویب ڈیسک) ملی لیبر فیڈریشن کراچی کے جنرل سیکرٹری لیاقت مداخیل نے جنرل ٹائر سی بی اے ورکرز یونین کے سابق جنرل سیکرٹری اور ممتاز مزدور رہنما ظہور عوان مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں شرکت کی
مزدور محاذِ عمل کے زیرِ اہتمام منعقدہ اس تعزیتی اجلاس میں کراچی کے صنعتی علاقوں بالخصوص لانڈھی اور کورنگی کی مختلف ٹریڈ یونینز کے نمائندوں اور مزدور رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے مرحوم ظہور عوان کی محنت کشوں کے حقوق کے لیے پیش کی جانے والی طویل اور جدوجہد سے بھرپور خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
اجلاس کے اختتام پر لیاقت مداخیل نے مزدور تحریک کے عظیم رہنما کی یاد میں پروقار اور فکری پروگرام کے انعقاد پر منتظمین کا شکر گزار ہوتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی قربانیاں اور جدوجہد آنے والے ٹریڈ یونین رہنماؤں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔