لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی فیکٹری میں ہولناک آگ، عمارت منہدم، تین مزدور بیہوش

کراچی ( لیبر نیوز ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون (ای پی زیڈ) میں پرانے کپڑوں کی ری سائیکلنگ فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جسے فائر بریگیڈ حکام نے تیسرے درجے کی آگ قرار دے دیا ہے

آگ کی شدت اس قدر تیز تھی کہ وہ قریبی دوسری فیکٹری تک پھیل گئی، جبکہ متاثرہ گراؤنڈ پلس ٹو عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا اور باقی حصے میں دراڑیں پڑ گئیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق فیکٹری میں شدید دھواں بھرنے کے باعث ایک خاتون سمیت تین افراد بے ہوش ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے

چیف فائر آفیسر کے مطابق کے ایم سی، ریسکیو 1122، رینجرز اور زون انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور 16 سے زائد فائر ٹینڈرز، 2 اسنارکلز اور واٹر باؤزرز کی مدد سے آگ بجھانے کا آپریشن جاری ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں کپڑے کی بڑی مقدار اور شدید دھوئیں کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں سخت مشکلات کا سامنا ہے اور آگ پر مکمل قابو پانے میں مزید 8 سے 10 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ رینجرز کے جوان بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ آتشزدگی کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔