ای او بی آئی کے سابق ترجمان اسرار ایوبی اسپتال میں زیرِ علاج، مزدور تنظیموں کی صحتیابی کی دعائیں
کراچی ( لیبر نیوز ویب ڈیسک) ای او بی آئی کے سابق ترجمان اور ڈائریکٹر سوشل سیفٹی نیٹ پاکستان اسرار ایوبی علالت کے باعث کراچی کے ڈاکٹر ضیاء الدین یونیورسٹی اسپتال نارتھ ناظم آباد میں زیرِ علاج ہیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق وہ اب پہلے سے روبہ صحت ہیں، تاہم ڈاکٹر ان کی نگہداشت کر رہے ہیں۔ اسرار ایوبی ایک طویل عرصے سے ای او بی آئی پنشنرز اور محنت کشوں کے حقوق کے لیے متحرک کردار ادا کرتے رہے ہیں اور انسانی حقوق کے علمبردار سمجھے جاتے ہیں
ان کی علالت کی خبر سامنے آنے پر پاکستان بھر کی مزدور صحافیوں ، تنظیموں، ٹریڈ یونین رہنماؤں اور سوشل سیفٹی نیٹ کے نمائندوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
لیبر نیوز کی انتظامیہ سمیت تمام مزدور رہنماؤں اور دوستوں نے اسرار ایوبی کی کامل و عاجل صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار اور دعا کی ہے تاکہ وہ جلد مکمل صحتیاب ہو کر محنت کشوں کی خدمت کا سلسلہ دوبارہ شروع کر سکیں