دکی کی کوئلہ کان میں گیس بھرنے کا المناک سانحہ: تین کان کن جاں بحق، پی یو ڈبلیو ایف کا شدید احتجاج

کوئٹہ ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) بلوچستان کے ضلع دکی میں کوئلہ کان کے اندر زہریلی گیس بھرنے کے باعث پیش آنے والے المناک حادثے میں تین محنت کش عیسیٰ خان، سراج الدین اور شمس اللہ—قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن کے رہنماء چوہدری سعد محمد نے اس سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے حفاظتی قوانین کی عدم پیروی اور انتظامی غفلت کا نتیجہ قرار دیا ہے

فیڈریشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کان کنی کے شعبے میں آئے روز پیش آنے والے ایسے حادثات محض اتفاق نہیں بلکہ مجرمانہ غفلت کا شاخسانہ ہیں۔

پی یو ڈبلیو ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری و غیر جانبدارانہ تحقیقات کرا کے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، اور تمام کوئلہ کانوں کا ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی معائنہ کیا جائے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے لیے مناسب مالی معاوضے اور آئی ایل او کنونشن 176 کی فوری توثیق کا بھی مطالبہ کیا۔