فیروز ٹیکسٹائل ملز میں مزدور کی 3 انگلیاں کٹ گئیں،عوامی ورکرز پارٹی اور مزدور محاذِ عمل کا کمپنسیشن کی فراہم کا مطالبہ

 

کراچی ( لیبر نیوز ویب ڈیسک) لانڈھی انڈسٹریل ایریا میں واقع فیروز 1888 ٹیکسٹائل ملز میں دورانِ ڈیوٹی سنگین صنعتی حادثے کے نتیجے میں مزدور محمد انس ولد زاہد کے ہاتھ کی تین انگلیاں کٹ گئیں۔

مزدور محاذِ عمل ، عوامی ورکرز پارٹی کراچی نے حادثے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ زخمی مزدور کو لانڈھی سوشل سیکیورٹی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، مگر فیکٹری انتظامیہ نے تاحال متعلقہ اداروں کو نہ تو اطلاع دی ہے اور نہ ہی قانونی ایکسیڈنٹ فارم مکمل کیا ہے۔ مزدور تنظیم کے مطابق حادثے کی رپورٹ درج نہ کرنا محنت کش کے قانونی حقوق کی کھلی ورزی اور انتظامی غفلت کا ثبوت ہے۔

عوامی ورکرز پارٹی اور مزدور محاذِ عمل نے جوائنٹ ڈائریکٹر لیبر ایسٹ، کمشنر کمپنسیشن، چیف انسپکٹر فیکٹریز اور سیسی حکام سے واقعہ کا فوری نوٹس لینے، غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے اور زخمی ورکر کو مکمل علاج اور قانونی کمپنسیشن کی فراہم یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے