ورکرز ویلفیئر فنڈ کے زیرِ اہتمام روح پرور محفلِ نعت کا انعقاد، عقیدت کے پھول نچھاور کیے

اسلام آباد ( لیبر نیوز ویب ڈیسک) ورکرز ویلفیئر فنڈ اسلام آباد کے زیرِ اہتمام جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے مبارک موقع پر ایک عظیم الشان محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد، ڈائریکٹرز اور تمام اسٹاف نے شرکت کی۔

محفل سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ذوالفقار احمد نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کا اسوۂ حسنہ تمام انسانیت کے لیے مکمل ضابطۂ حیات اور ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کا تمام عملہ آپ ﷺ کی سنت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے محنت کشوں اور ان کے بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔

تقریب میں نامور نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے، جبکہ اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔