قومی فشریز پالیسی سے 10 ارب ڈالر آمدنی کا ہدف: جنید انور چوہدری
اسلام آباد ( لیبر نیوز کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری نے کہا ہے کہ 10 ارب ڈالر کی آمدنی حاصل کرنے کے لیے قومی فشریز اینڈ ایکوا کلچر پالیسی پر کام جاری ہے.
وزارت بحری امور کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کاروباری برادری کی سہولت کے لیے ون ونڈو آپریشن قائم کر دیا گیا ہے. گوادر پورٹ پر 100 ایکڑ رقبے پر آف ڈاک ٹرمینل قائم کیا جا رہا ہے جس سے وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارت فروغ پائے گی.
انہوں نے ساحلی ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے 30 لاکھ ڈالر کے عالمی منصوبے کا ذکر کیا اور واگزار کروائی گئی بندرگاہی اراضی کا جامع پلان طلب کیا. وفاقی وزیر نے تمام جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت کی.