صدر مملکت کی ایف بی آر کو اے ڈی آر سی کے فیصلے پر فوری عملدرآمد کی ہدایت

اسلام آباد  ( لیبر نیوز کامرس ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور وفاقی ٹیکس محتسب  دونوں کا مؤقف مسترد کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ الٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی  کی جانب سے ٹیکس دہندہ کے حق میں دیے گئے فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے

یہ صدارتی حکم ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن سیکٹر کے لیے آلات تیار کرنے والی ایک کارپوریٹ کمپنی کی درخواست پر سامنے آیا۔ سپریم کورٹ کی ہدایات پر قائم اے ڈی آر سی نے 23 دسمبر 2025ء کو ٹیکس دہندہ کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے متنازع ٹیکس واجبات ختم کر دیے تھے، تاہم ایف بی آر نے فیصلے کو ناموافق پا کر کمیٹی ہی تحلیل کر دی تھی

صدر مملکت نے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ فریقین کی رضامندی سے قائم فورم کا فیصلہ حتمی ہے اور ایف بی آر اس سے فرار اختیار نہیں کر سکتا۔ قانونی ماہرین کے مطابق اس صدارتی حکم سے یہ اہم اصول طے پا گیا ہے کہ اے ڈی آر سی کو فیصلہ سنانے کے بعد منسوخ نہیں کیا جا سکتا، جس سے متبادل نظامِ انصاف پر ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال ہوگا۔