برطانیہ کی لیبر یونین کا ایسٹ مڈلینڈز ریلوے میں نئی ہڑتالوں کا اعلان

لندن ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) برطانیہ کی دی ریل میری ٹائم اینڈ ٹرانسپورٹ یونین نے ایسٹ مڈلینڈز ریلوے انتظامیہ کے خلاف حفاظتی خدشات اور نئی ارورا  ٹرینوں میں تکنیکی خرابیوں کے باعث نئی ہڑتالوں کا اعلان کر دیا ہے

لیبر یونین کے مطابق رواں سال اپریل میں سروس میں شامل کی جانے والی کلاس 810 ٹرینوں میں ایئر کنڈیشننگ، واش رومز، دروازوں اور بالخصوص ڈرائیورز اور ٹریک سائڈ کے درمیان رابطے کے نظام میں سنگین نقائص رپورٹ ہوئے ہیں۔ آر ایم ٹی کے جنرل سیکرٹری ایڈورڈ ڈیمپسی نے مطالبہ کیا ہے کہ جب تک ان فنی و حفاظتی خرابیوں کو مکمل طور پر دور نہیں کیا جاتا، ان ٹرینوں کا آپریشن فوری معطل کیا جائے۔

اعلان کے تحت یونین ممبران 30 اگست کو 48 گھنٹے اور 16 ستمبر کو 24 گھنٹے کی ہڑتال کریں گے۔ دوسری جانب ای ایم آر انتظامیہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ ٹرینوں میں ایسا کوئی نقص موجود نہیں جو ریگولیٹری معیارات کی خلاف ورزی ہو، تاہم مسافروں کے سفری منصوبوں کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے یونین سے مذاکرات جاری ہیں