کوئلہ کان حادثہ: ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 10،10 لاکھ روپے کی مالی امداد

اسلام آباد ( لیبر نیوز ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے کوئٹہ کے سورینج کول مائن حادثے کے شہداء کے لواحقین کے لیے مالی امداد اور تعلیمی مراعات کا اعلان کر دیا ہے۔

جرگہ ہال الپوری، شانگلہ میں منعقدہ تقریب کے دوران وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے متاثرہ خاندانوں میں 10،10 لاکھ روپے کے امدادی چیکس تقسیم کیے، جو وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین کی ہدایت پر جاری کیے گئے تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے کہا کہ حادثے کی ایف آئی آر درج کر کے انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شہید مزدوروں کے بچوں کے تمام تعلیمی و ہاسٹل اخراجات ورکرز ویلفیئر فنڈ برداشت کرے گا

اس کے علاوہ، شانگلہ کے محنت کشوں کے لیے جلد ای او بی آئی  کا دفتر قائم کرنے اور دانش اسکول کی تعمیر کا اعادہ بھی کیا گیا