پاکستانی مزدوروں کے حقوق کے بغیر پائیدار مستقبل ممکن نہیں

 رپورٹ ، طیبہ تاثیر

یورپی یونین اور ایشیائی ممالک کے درمیان توانائی کی منتقلی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں پانچ روزہ اہم بین الاقوامی مکالمے کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کی نمائندگی لیبر ایجوکیشن فاؤنڈیشن  کے ڈائریکٹر خالد محمود نے کی

اس بین الاقوامی کانفرنس میں یورپ اور ایشیا کے متعدد ممالک سے تعلق رکھنے والے پالیسی سازوں، ٹریڈ یونین نمائندوں، ممتاز محققین اور سول سوسائٹی کی تنظیموں نے بڑی تعداد میں شرکت کی

پانچ روز تک جاری رہنے والے اس اجلاس کا بنیادی مقصد توانائی کے شعبے میں روایتی ذرائع سے جدید و پائیدار ذرائع کی جانب منتقلی کے عمل کو تمام طبقات، بالخصوص محنت کشوں کے لیے منصفانہ اور جامع بنانا تھا۔

اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے لیبر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر خالد محمود نے بین الاقوامی ایوانوں میں پاکستانی مزدوروں کے تحفظات اور نقطہ نظر کو بھرپور انداز میں پیش کیا

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گلوبل ساؤتھ اور خاص طور پر پاکستان جیسے ممالک میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور توانائی کی منتقلی کے عمل کا سب سے زیادہ اثر عام محنت کش طبقے پر پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سبز توانائی اور نچلی سطح پر صنعتی تبدیلیوں کے دوران مزدوروں کے معاشی تحفظ، باعزت روزگار اور سماجی انصاف کو مدنظر رکھنا ناگزیر ہے تاکہ کسی بھی مزدور کو اس منتقلی کی وجہ سے بے روزگاری یا معاشی تنگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پانچ روزہ کانفرنس کے دوران مختلف نشستوں میں صاف اور تجدید پذیر توانائی کے وسائل، پائیدار مالیات ، جدید صنعتی پالیسیوں، کاربن مارکیٹس کے قیام اور ان سے جڑے تکنیکی و معاشی پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

مختلف ممالک سے آئے ہوئے ٹریڈ یونینز کے نمائندوں اور پالیسی سازوں نے اپنے اپنے خطوں کے تجربات اور حکمتِ عملی ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کی

تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ توانائی کی منتقلی کی پالیسیوں کے مرکز و محور میں محنت کشوں کے بنیادی حقوق کو شامل کیے بغیر موسمیاتی اقدامات کا پائیدار ہونا ممکن نہیں ہے۔

مکالمے کے اختتام پر لیبر ایجوکیشن فاؤنڈیشن  نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان میں مزدور مرکز منصفانہ منتقلی کی جدوجہد کو جاری رکھے گی

ادارہ اس امر کو یقینی بنانے کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی کوششیں تیز کرے گا کہ پائیدار اور سرسبز مستقبل کی طرف بڑھتے ہوئے قدموں میں کوئی بھی مزدور پیچھے نہ چھوٹ جائے اور ان کے حقوق کی مکمل پاسداری کی جائے