ولیکا اسپتال ایچ آئی وی متاثرہ بچوں کے لیے 2 ارب روپے کا اینڈومنٹ فنڈ منظور
کراچی ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) صوبائی وزیر محنت و سماجی تحفظ سعید غنی نے ولیکا اسپتال میں بچوں میں ایچ آئی وی پھیلنے کے سنگین معاملے کی بالواسطہ ذمہ داری قبول کر لی ہے
سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ غفلت کے مرتکب افراد کو نوکریوں سے برخاست کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف ایف آئی آرز درج کرا کے جیل بھیجا جائے گا۔
سعید غنی نے بتایا کہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں اسپتال کے 37 ڈاکٹروں اور ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ متاثرہ بچوں کے طویل مدتی اور بہترین علاج معالجے کے لیے حکومتِ سندھ نے 2 ارب روپے کا اینڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے،
جس کی نگرانی کے لیے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل اسٹیانڈنگ کمیٹی بنائی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ قانون کے مطابق متاثرہ بچوں کی شناخت کو خفیہ رکھا جائے گا تاکہ ان کے خاندانوں کو کسی بھی سماجی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے