لانڈھی سوشل سیکیورٹی اسپتال کے مسائل پر انتظامیہ اور ورکرز فیڈریشن کے درمیان ملاقات، نظام بدلنے پر اتفاق
کراچی ( لیبر نیوزویب ڈیسک) لانڈھی سوشل سیکیورٹی اسپتال میں درپیش شدید انتظامی مسائل اور ادویات کی قلت کے حل کے لیے اسپتال انتظامیہ اور آل سندھ ورکرز فیڈریشن کے نمائندوں کے درمیان ایک اہم اور ملاقات منعقد ہوئی ہے
ملاقات میں فیڈریشن کے صدر محمد واحد خان، جنرل سیکرٹری عبدالستار نیازی اور دیگر مزدور نمائندوں نے شرکت کی، جبکہ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ظفر قائم خانی اور ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر ذوالفقار موجود تھے
میٹنگ کے دوران اسپتال میں جاری طبی سہولیات کے فقدان اور مریضوں کو درپیش مشکلات پر تفصیلی گفتگو کی گئی
ایم ایس ظفر قائم خانی اور ڈی ایم ایس ذوالفقار نے مزدور رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ ان تمام مسائل پر مشترکہ لائحہ عمل کے تحت مل کر کام کیا جائے گا اور اسپتال کے نظام کو بہتری کی طرف لایا جائے گا
معززین نے اسپتال کی نیک نامی کی بحالی اور محنت کشوں کو معیاری علاج کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون کا عزم ظاہر کیا ہے