ولیکا اسپتال میں مزید 2 معصوم بچیاں ایچ آئی وی کا شکار، متاثرہ خاندانوں میں کہرام

کراچی( لیبر نیوز ویب ڈیسک)  کلثوم بائی ولیکا اسپتال میں ڈاکٹرز کی مجرمانہ غفلت کے باعث مزید دو معصوم بچیاں مہلک وائرس ایچ آئی وی  کا شکار ہو گئی ہیں جس کے بعد متاثرہ والدین پر قیامت ٹوٹ پڑی ہے

ذرائع کے مطابق ضیا کالونی کے رہائشی ایک بدقسمت والد کے گزشتہ ماہ ان کے 12 سالہ اور 3 سالہ بیٹوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہوئی تھی، جبکہ اب چیسٹ انفیکشن کے باعث اسی اسپتال میں زیرِ علاج رہنے والی ان کی 9 سالہ بیٹی کا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے، جس سے ان کے تینوں بچے اس موذی مرض کا شکار ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب، میٹرول کی رہائشی ایک اور 3 سالہ بچی میں بھی ایچ آئی وی کی تصدیق ہوئی ہے، جس کا علاج بھی ولیکا اسپتال میں ہوا تھا۔ طبیعت بگڑنے پر کیے گئے ٹیسٹ میں وائرس کی تصدیق ہوئی

ان پے در پے لرزہ خیز واقعات کے بعد متاثرہ خاندانوں نے سیسی اور محکمہ محنت سمیت محکمہ صحت کے حکام سے فوری اور سخت ترین قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے