پنشن سے محروم محنت کش کی درخواست، سندھ ہائیکورٹ نے ای او بی آئی سے جواب طلب کر لیا
کراچی( لیبر نیوز ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے نو سال سے پنشن کی عدم ادائیگی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ایمپلائز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن سے 9 اگست تک تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر ملازم کی پنشن کے معاملے پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔
دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کے سامنے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل محمد ظفیر ایئرپورٹ ہوٹل کے ملازم تھے اور وہاں پورٹر کے فرائض انجام دیتے رہے ہیں
طویل مدت تک خدمات انجام دینے کے باوجود وہ گزشتہ نو برسوں سے اپنے جائز حق یعنی پنشن سے محروم ہیں اور تاحال انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ عدالت نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد ای او بی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب داخل کرنے کا حکم دے دیا۔