پنجاب میں کم از کم اجرت کے اعلان میں تاخیر، پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن کا آل لیبر فیڈریشنز اجلاس طلب

لاہور( لیبر نیوز ویب ڈیسک)  پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن کی جانب سے پنجاب حکومت کی طرف سے مزدوروں کی کم از کم اجرت  کا تاحال اعلان نہ کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے

اس حوالے سے تمام لیبر فیڈریشنز کو مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے ایک اہم مشاورتی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

مشترکہ حکمتِ عملی کے لیے چوہدری محمد یعقوب کی قیادت میں قائم چار رکنی کمیٹی کے اراکین ملک مختار اعوان، چوہدری نذیر شہزاد اور بابا لطیف انصاری نے صوبے کی تمام بڑی فیڈریشنز سے رابطے مکمل کر لیے ہیں

پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری ملک مختار اعوان کے مطابق تمام صدور اور جنرل سیکریٹریز کا یہ اہم مشاورتی اجلاس 11 جولائی 2026 بروز ہفتہ، شام 5 بجے علامہ اقبال روڈ لاہور پر واقع مرکزی دفتر میں منعقد ہوگا، جہاں اس یک نکاتی ایجنڈے پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا