پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کا آن لائن پورٹل اڑھائی ماہ بعد بحال, 15 لاکھ مزدور متاثر رہے
لاہور ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کا آن لائن پورٹل اڑھائی ماہ کی طویل بندش کے بعد بالاخر دوبارہ فعال ہو گیا ہے۔ پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن کے رہنما مختار اعوان نے تمام صنعتی ورکرز کو مطلع کیا ہے کہ پورٹل بحال ہو چکا ہے اور وہ اپنے فلاحی کیسز فوری اپلوڈ کر سکتے ہیں
واضح رہے کہ اس پورٹل کی بندش سے پنجاب بھر کے تقریباً 15 لاکھ رجسٹرڈ ورکرز کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ متحدہ لیبر فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری حنیف رامے کے مطابق اٹک سے رحیم یار خان تک کے مزدوروں کے بچوں کے تعلیمی اسکالرشپس، میرج گرانٹ اور ڈیتھ گرانٹ جیسے اہم معاملات معطل ہو کر رہ گئے تھے
سسٹم بند ہونے کی وجہ سے ہزاروں طلبہ کے سمسٹر لیٹ ہو رہے تھے اور مزدور مایوس ہو کر لاہور ہیڈ آفس کے چکر کاٹنے پر مجبور تھے
لیبر رہنماؤں نے اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے نوٹس لینے کی اپیل بھی کی تھی۔ پورٹل کی بحالی سے اب ورکرز کے رکے ہوئے فلاحی فنڈز کی ادائیگیوں کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔