لیبر کالونی میں پانی کے بلوں میں اضافہ، پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن کا فیصلہ واپس لینے کی اپیل

لاہور ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری نے ڈیفنس لیبر کالونی لاہور کے مکینوں کے پانی کے بلوں میں ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے کیے گئے حالیہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ایک تحریری درخواست ارسال کی ہے۔

پی ٹی یو ایف کے سیکریٹری اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک کا مزدور طبقہ پہلے ہی ہوشربا مہنگائی، بڑھتی ہوئی غربت اور اجرتوں میں اضافہ نہ ہونے کے باعث سنگین معاشی بحران اور سخت مشکلات سے دوچار ہے۔

 ایسے حالات میں پانی جیسے بنیادی حق پر اضافی چارجز عائد کرنا غریب محنت کشوں پر مزید بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔

 فیڈریشن نے تحریری طور پر پرزور مطالبہ کیا ہے کہ مزدوروں کی مجبوریاں مدنظر رکھتے ہوئے بلوں میں کیا گیا یہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔