مزدوروں سے جبری مشقت کا انکشاف، امریکا نے اردن کی ٹیکسٹائل فیکٹریوں پر پابندی لگا دی
واشنگٹن ( لیبرنیوز فارن ڈیسک ) امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن نے اردن میں قائم دو ٹیکسٹائل فیکٹریوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے وہاں سے تیار ہونے والے ملبوسات کی امریکہ درآمد پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیکٹریاں مبینہ طور پر بین الاقوامی برانڈز کے لیے سپلائی چین کا حصہ ہیں
سی بی پی کے مطابق، یہ کارروائی ان فیکٹریوں میں بڑے پیمانے پر جبری مشقت کی معتبر اطلاعات سامنے آنے پر کی گئی ہے، جہاں مزدوروں سے سخت حالات میں کام لیا جا رہا تھا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ جبری مشقت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذریعے تیار کی جانے والی مصنوعات کو امریکی مارکیٹ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
اس پابندی کے بعد ان فیکٹریوں کا سامان امریکی بندرگاہوں پر روک لیا جائے گا، جس سے کئی عالمی فیشن برانڈز کی سپلائی چین متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے