ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ کا 65 ارب روپے کا سرپلس بجٹ منظور، انکم ٹیکس سے بھی مستثنیٰ

کراچی ( محمد کامران ، نمائندہ لیبر نیوز )  صوبائی وزیرِ محنت سعید غنی کی زیرِ صدارت ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ کی گورننگ باڈی نے سال 2026-27 کے لیے 65 ارب روپے کے سرپلس بجٹ کی منظوری دے دی ہے

 اجلاس میں منظور کیے گئے بجٹ کے مطابق کل آمدنی کا تخمینہ 85 ارب 37 کروڑ روپے جبکہ اخراجات کا تخمینہ 21 ارب 10 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

 صوبائی وزیر محنت سندھ سعید غنی کے مطابق اس سال بجٹ کے مجموعی اخراجات کو گزشتہ سال کے مقابلے میں نصف کر دیا گیا ہے، تاہم مزدوروں کی فلاح و بہبود کے فنڈز میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔

سیکرٹری بورڈ سعید صالح جمانی نے بتایا کہ مزدوروں کی ڈیتھ گرانٹ کے لیے 800 ملین، بچیوں کی شادی گرانٹ کے لیے 400 ملین، میرٹ اسکالرشپ کے لیے 150ملین جبکہ اعلیٰ تعلیم کے لیے انڈوومنٹ فنڈ کی مد میں 2000 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

تاہم ماضی کے برعکس اس سال ای بائیک، سلائی مشینوں اور نئی گاڑیوں کی خریداری کے لیے کوئی بجٹ نہیں دیا گیا

سعید غنی نے مزید بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری اور نوید قمر کی وزیرِ اعظم سے ملاقات کے بعد اب صرف سندھ ہی نہیں بلکہ تمام صوبوں کے ورکرز ویلفیئر بورڈز اور سیسی کو ایف بی آر کے انکم ٹیکس سے مستقل مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے