لیبر فیڈریشنز کا پنجاب حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک کا فیصلہ
لاہور( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن کے وفد نے چوہدری محمد یعقوب، ملک مختار اعوان، نذیر شہزاد اور بابا لطیف انصاری کی قیادت میں مختلف لیبر فیڈریشنز کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، جس میں پنجاب بجٹ میں مزدوروں کی کم از کم اجرت میں اضافہ نہ کرنے اور محنت کشوں کو نظرانداز کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
مزدور رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وفاق اور دیگر صوبوں نے اجرتیں بڑھائیں، لیکن پنجاب حکومت نے مہنگائی کے طوفان میں مزدوروں کو لاوارث چھوڑ دیا ہے۔
فیڈریشن نے متحدہ لیبر فیڈریشن، آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈ یونین اور دیگر تنظیموں کے دفاتر کا دورہ کیا، جبکہ نیشنل لیبر فیڈریشن اور ن لیگ لیبر ونگ کی قیادت سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
تمام تنظیموں نے پنجاب حکومت کے رویے کی مذمت کرتے ہوئے مشترکہ لائحہ عمل اور احتجاجی تحریک پر اتفاق کیا ہے، جس کے لیے جلد مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا۔