بلوچستان میں مزدوروں کی کم از کم ماہانہ اجرت 43 ہزار روپے مقرر کرنے کی منظوری

کوئٹہ ( لیبر نیوز ویب ڈیسک )  بلوچستان منیمم ویجز بورڈ کے ایک اہم اجلاس میں صوبے کے محنت کشوں کی کم از کم ماہانہ اجرت 43 ہزار روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے. یہ اہم اجلاس ڈائریکٹر جنرل لیبر بلوچستان بشیر احمد شاہوانی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا.

اجلاس میں پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن بلوچستان کے جنرل سیکرٹری پیر محمد کاکڑ، حاجی نور محمد یوسفزئی، حاجی عبدالستار، حافظ عصمت اللہ سمیت آجر مالکان تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی اور تفصیلی غور و خوض کے بعد اس فیصلے کی توثیق کی

اجلاس کے شرکاء نے حکومتِ بلوچستان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منظور شدہ کم از کم اجرت کا نوٹیفکیشن جلد از جلد جاری کیا جائے اور سرکاری و نجی اداروں میں اس پر سخت عمل درآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ صوبے بھر کے محنت کش اس فیصلے سے فوری طور پر مستفید ہو سکیں اور ان کی معاشی مشکلات میں کمی آ سکے.