مزدور محاذِ عمل کی زخمی مزدور کی برطرفی پر شدید تشویش، فوری بحالی اور تحقیقات کا مطالبہ
کراچی( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) مزدور محاذِ عمل نے لانڈھی انڈسٹریل ایریا میں واقع الکرم ٹیکسٹائل ملز کے ورکر شکیل احمد شاہ کو حادثے کے بعد مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر ملازمت سے فارغ کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومتِ سندھ اور محکمہ لیبر سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے شکیل احمد شاہ ڈیوٹی کے بعد گھر جاتے ہوئے ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے تھے اور وہ سول، جناح اور عطیہ ہسپتال میں زیرِ علاج رہے۔
اہلِ خانہ کی جانب سے کمپنی انتظامیہ کو مطلع کیے جانے کے باوجود انتظامیہ نے انہیں تحفظ اور علاج کی سہولت دینے کے بجائے نوکری سے برطرف کر دیا
مزدور محاذِ عمل نے اس اقدام کو لیبر قوانین اور انسانی ہمدردی کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ برطرفی فوری کالعدم قرار دے کر انہیں بحال کیا جائے، علاج کے دوران تنخواہ و واجبات ادا کیے جائیں، اور محکمہ لیبر و ‘سیسی’ ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔