خیبر پختونخوا ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ملازمین تنخواہوں سے محروم

پشاور( لیبرنیوز ویب ڈیسک )  خیبر پختونخوا ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ملازمین نے رواں ماہ کی تنخواہ اب تک نہ ملنے اور درپیش دیگر دیرینہ مسائل پر ورکرز ویلفیئر فنڈ اور بورڈ کے اعلیٰ حکام کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 3 جولائی گزرنے اور ہفتہ وار تعطیلات کے باوجود تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے ملازمین کے گھروں میں شدید مالی بحران پیدا ہو گیا ہے۔

ملازمین کے مطابق ملک بھر کے تمام محکموں کو تنخواہیں مل چکی ہیں، لیکن انہیں جان بوجھ کر محروم رکھا گیا ہے۔ تنخواہوں کی فوری ادائیگی کے ساتھ ساتھ ملازمین نے پانچ اہم مطالبات بھی پیش کیے ہیں

 جن میں مکمل میڈیکل سہولیات کی فراہمی، گریڈ 14 کے ایلیمنٹری اسکول اساتذہ کی گریڈ 16 میں پروموشن، 33 ماہ کے 35 فیصد بقایا جات کی ادائیگی، 85 فیصد ہاؤس رینٹ الاؤنس کا اجرا اور کلاس فور ملازمین کے تمام واجبات کی فوری کلیئرنس شامل ہیں۔ ملازمین نے خبردار کیا ہے کہ ادارہ اس امتیازی سلوک سے احساسِ محرومی بڑھ رہا ہے۔