وزیر محنت پنجاب سے صنعتی مزدور اتحاد کے وفد کی ملاقات، کم از کم اجرت اور فلاحی امور پر تبادلۂ خیال
لاہور( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) حکومتِ پنجاب کے صوبائی وزیر برائے لیبر و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ سے ‘صنعتی مزدور اتحاد’ کے کنوینئر شیخ محسن الیاس نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اہم ملاقات کی ہے اس ملاقات کے دوران صوبے بھر کے محنت کشوں کو درپیش مختلف دیرینہ مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وفد نے صوبائی وزیر کو صنعتی مزدوروں کی موجودہ معاشی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کم از کم اجرت پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں مزدوروں کے فلاحی امور، ہیلتھ کارڈز، سوشل سیکیورٹی اور ان کے بچوں کی تعلیم و رہائش جیسے اہم موضوعات بھی زیرِ بحث آئے
صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومتِ پنجاب محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔